آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل ایک ٹرک ڈرائیور نے محمد سراج سے ٹیم کے بارے میں معلومات مانگ لیں۔
فاسٹ بولر نے بورڈ کو معاملے کی فوراً رپورٹ کردی، جس کے بعد اترپردیش پولیس نے بھارتی ٹیم پر جوئے میں کثیر رقم ہارنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ بولر کی جانب سے ان رابطوں سے متعلق بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو بتایا گیا کہ جوئے میں ایک بڑی رقم ہارنے والا شخص ٹیم کی اندرونی معلومات حاصل کرنا چاہتا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فاسٹ بولر محمد سراج سے جواری نے مارچ میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے دوران رابطہ کیا تھا۔
اس حوالے سے بھارتی بورڈ آفیشل نے بتایا کہ پیسر سے رابطے کرنے والا بکی نہیں تھا بلکہ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والا جوئے کا عادی ایک ٹرک ڈرائیور تھا، محمد سراج نے فوری طور پر اس کے بارے میں کرکٹ بورڈ کو اس رابطے کے بارے میں بتایا جس پر بورڈ حکام کے کان کھڑے ہوگئے۔