منیبہ علی ٹی20 ورلڈکپ میں سینچری بنانے والی پہلی پاکستانی بیٹر بن گئیں

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے آئرلینڈ کے خلاف ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں منیبہ علی نے 68 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے باعث پاکستان 70 رنز سے فتح یاب ہوا۔

قومی ویمنز ٹیم کی بیٹر ندا ڈار اور منیبہ علی نے تیسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت داری بنائی تھی۔

پلئیر آف دی میچ کا اعزاز پانے والی منیبہ علی نے کہا کہ جب مجھے اچھا آغاز ملا اور ندا کے ساتھ شراکت قائم ہوئی تو وہ مجھے کہتی رہیں کہ بڑا سکور بناؤ، 13ویں اوور میں مجھے پتا چل گیا تھا کہ میں سنچری بنا سکتی ہوں جس کے لئے انہوں نے بہت سپورٹ کیا۔

آئرلینڈ کے خلاف فتح کے ساتھ ہی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکان بحال ہوگئے ہیں، گزشتہ دنوں پاکستان کو ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ اتوار کو پاکستان کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 2،2 میچوں میں فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی اور دوسری پوزیشن پر قابض ہیں۔