قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے کہا ہے کہ میرا ٹارگٹ صرف ففٹی یا سنچری بنا کر ذاتی اہداف طے کرنا نہیں ہے بلکہ میں قومی ٹیم کی فتوحات میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہوں۔
صائم ایوب نے بیٹنگ کے بارے میں اپنے نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد انٹرنیشنل کرکٹ میں ریکارڈز بنانا یا سنگ میل طے کرنا نہیں بلکہ پاکستان کی فتوحات میں حصہ ڈالنا ہے اور اسی پر وہ اپنی تمام تر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا ہدف مین آف دی میچ ہے نہ کہ ففٹی یا سنچری، میں تعداد کے بارے میں بات نہیں کرتا کیونکہ میں اپنی ٹیم کے لیے میچ جیتنا چاہتا ہوں یہ کوئی بھی اعداد و شمار ہو سکتے ہیں 50، 70 یا 100، لیکن میں اس کے بارے میں نہیں سوچتا کیونکہ میں میچ جیتنے پر توجہ رکھتا ہوں۔،،
صائم ایوب نے 2022 میں نیشنل ٹی 20 کے دوران پہلی شروعات کو یاد کرتے ہوئےاپنے ٹریڈ مارک 'نو-لُک' شاٹ پر بھی روشنی ڈالی،انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں 2022 میں قومی ٹی 20 میں تھا جہاں میں نے پہلی بار ’نولک‘ شاٹ کھیلا لیکن یہ ایسی چیز نہیں تھی جس کا میں نے پہلے سے منصوبہ بنایا ہو مجھے اسکور کرنے کے آپشنز نہیں مل رہے تھے اس لیے جب میں نے دیکھا کہ فیلڈر دائرے میں ہے تو میں نے وہ شاٹ کھیلا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ میں اس کو ترجیح نہیں دیتا کیونکہ یہ ایک انتہائی رسکی شاٹ ہے۔ میں دوسرے شاٹس کو زیادہ کثرت سے کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں اور جب بالکل ضروری ہو تب ہی نو لُک شاٹ کھیلتا ہوں۔،،
پاکستان کے لیے 19 ٹی ٹوئنی میچز میں نمائندگی کرنے کے باوجود صائم ایوب ابھی تک اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے میں ناکام رہے ہیں ان کا سب سے زیادہ اسکور 131.06 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 49 ہے۔