پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سابق صدر آصف زرداری اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان وجہِ تنازع نہیں بننا چاہتا اور یہ عدم استحکام بورڈ کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
انہوں نے لکھا کہ ان حالات میں میں چیئرمین پی سی بی کے عہدے کا امیدوار نہیں تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ 21 جون کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت پوری ہورہی ہے، اس سے پہلے وزیراعظم کی جانب سے نئے پی سی بی سربراہ کے لیے باقاعدہ دوافراد کی نامزدگی کا خط جاری کیا جانا ہے۔ پی سی بی بورڈ آف گورنرز خصوصی اجلاس میں پیٹرن کے نامزد دو افراد میں سے کسی ایک کو نئے سربراہ کے طورپر چنیں گے۔