افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر نجیب اللہ زدران پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ افغان اسکواڈ میں شاہد اللہ کمال کو شامل کر لیا گیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بتایا کہ نجیب اللہ زدران گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے کے باعث پاک افغان سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق نجیب اللہ زردان کی جگہ اسکواڈ میں شاہد اللہ کمال کو شامل کرلیا گیا ہے جو پاکستان کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 کو اسی مقام پر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔