ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں تین میچز کی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں قومی ویمن ٹیم کی بدترین شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خواتین کی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیاں کردیں۔ نئی سلیکشن کمیٹی کا کام شکست کی وجوہات کو جانچنا اور آئندہ دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کی ویمن ٹیم کو منتخب کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر گرین شرٹس کی کلین سوئپ شکست کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ویمنز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیاں کردیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کہا گیا ہے کہ اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال کے علاوہ مینز سلیکشن کمیٹی کے ارکان سابق کرکٹر عبدالرزاق، اسد شفیق اور بتول فاطمہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گی، اسی طرح ہیڈکوچ اورکپتان بھی اسی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
نئی سلیکشن کمیٹی کا فوری کام آئندہ دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان ویمنز ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا، جہاں وہ 11 سے 29 مئی تک 3 ٹی20 اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کے 3 میچز کھیلے گی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ شکست کے باوجود پاکستان کی ویمن ٹیم آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ 2022-25 میں پانچویں پوزیشن پر موجود ہے، اس چیمپئن شپ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں، میزبان بھارت کے ساتھ، براہ راست آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025 کیلئے کوالیفائی کریں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میچز میں حصہ لیں گی جہاں سے جیت کر آنے والی ٹیموں کو اگلے مراحل میں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔