قومی ٹیم کے نوجوان اور باصلاحیت فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی صحت کے حوالے سے ضروری اپ ڈیٹ فراہم کردی، ان کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی انجری نہیں ہوئی اور وہ مکمل طو رپر فٹ ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ سے متعلق گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ وہ لنکا پریمیئر لیگ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔ کولمبو اسٹرائیکرز کے آخری گروپ میچ کے ٹاس کے دوران چمیکا کرونارتنے نے کہا کہ نسیم شاہ کندھے کی انجری کی وجہ سے نہیں کھیل رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو کندھے کی انجری ہوئی جس کی وجہ سے وہ گال ٹائٹنز کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی جگہ شرف الاسلام کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔ تاہم نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے انجری نہ ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں اور افغانستان میں ہونے والی سیریز کی تیاری کررہا ہوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ اپنی ٹیم کولمبو اسٹرائیکر سے آرام کی اجازت مانگی تھی جس کے بعد مینجمنٹ نے انہیں اجازت دے دی تھی۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ میں نسیم شاہ اور بابراعظم کی ٹیم کولمبو اسٹرائیکرز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے، کولمبو اسٹرائیکرز آٹھ میں سے صرف تین میچز جیت سکی اور اس کا سفر یہں ختم ہوگیا۔