بھارت کے ساتھ سیریز سے قبل ٹیم سری لنکا کے نئے ہیڈ کوچ کا اعلان

سری لنکا کے لیجنڈ بلے باز سنتھ جے سوریا ایک بار پھر ٹیم سری لنکا کے لئے کرکٹ کے میدان میں نظر آئیں گے۔ بورڈ نے سابق لنکن کرکٹر کو بڑے عہدے سے نواز دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق لیجنڈری سری لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا کو کرکٹ بورڈ نے عبوری ہیڈکوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اور رواں ماہ بھارت کیخلاف وائٹ بال سیریز کے لئے کرکٹ سری لنکا نے سابق اوپنرکو بطور ہیڈکوچ ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ 
میگا ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی سری لنکن ٹیم کے کنسلٹنٹ و سابق کرکٹر مہیلا جے وردھنے نے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ کرس سلورووڈ ہیڈکوچ کے عہدے سے الگ ہوگئے تھے۔ 
سری لنکا کرکٹ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ “سنتھ جے سوریا اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربے کی بدولت ٹیم کی رہنمائی کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں۔ سنتھ جے سوریا اپنے بین الاقوامی کرکٹ کے تجربے سے لنکن ٹائیگرز کی ٹیم کی رہنمائی کرسکتے ہیں جب تک کوئی مستقل کوچ نہیں مل جاتا وہ یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے”۔ 
ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں گروپ سی میں لنکن ٹائیگرز کی ٹیم محض ایک میچ جیت سکی تھی اور اپنے گروپ میں تیسری پوزیشن پر رہی تھی جس کے باعث وہ سپر 8 مرحلے کے لیے جگہ نہیں بناسکی تھی۔ 
دوسری جانب سنتھ جے سوریا نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کرکٹ نے ان سے رابطہ کیا تھا اور قومی ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کی تھی، جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔  
سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ میں ٹیم کی کوچنگ کے لیے پرجوش ہوں۔،،

کرس سلورووڈ اپریل 2022 میں سری لنکا کے ہیڈ کوچ بنے تھے اور ان کے دورمیں آئی لینڈرز نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر 2022 میں ایشیاکپ کا ٹائٹل جیتا تھا بعدازاں ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی۔  
واضح رہے کہ سنتھ جے سوریا کو سری لنکا کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 586 بین الاقوامی میچز کھیلے، بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 103 نصف سنچریاں اور 42 سنچریوں کی مدد سے 34.14 کی اوسط کے ساتھ تمام فارمیٹس میں 21,032 رنز بنائے، جے سوریا نے تینوں فارمیٹس میں 440 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
نئے معاہدے کے مطابق جے سوریا، لنکن پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2024 کے اختتام پر اپنی کوچنگ کا آغاز کریں گے۔ سری لنکا جولائی اگست میں بھارت کے خلاف وائٹ بال کی سیریز کھیلے گا اور اگست میں انگلینڈ کا دورہ کرے گا۔