ورلڈ کپ2023: کپتان یا کوچنگ اسٹاف میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائےگی، ذکااشرف

چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ قومی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش ہے، انہوں نے بورڈ اور ٹیم میں استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم، کوچ بریڈبرن اورفاسٹ بولنگ کوچ مورنی مورکل ایشیاکپ اورورلڈ کپ تک اپنی جگہ پر برقراررہیں گے، ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بھی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ تک تبدیل نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ امید ہے بھارتی بورڈ جلد پی سی بی سے بہترین تعلقات کی شروعات کرے گا۔ 

ذکا اشرف نے بتایاکہ تمام سابق چیئرمین کے لیے بورڈ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
چیئرمین مینیجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ امریکا اور سعودی عرب میں پی سی بی کرکٹ لیگز کیلئے بات چیت شروع کرچکا ہے، پی ایس ایل کے بعد پی سی بی اب اپنی ٹی 10 لیگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے پاکستان میں میچز کے انعقاد کے لئے پی سی بی خصوصی تیاریاں کر رہا ہے، راشد لطیف کو بورڈ میں نہیں بلایا، وہ مصباح الحق کی دعوت پر آئے تھے۔ 
ایک سوال کے جواب میں ذکا اشرف کا کہنا تھاکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹس سے قبل کھلاڑیوں کا لیگ کھیلنا خطرناک ہے۔ 
انہوں نے کہا ہمیں ڈرہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے قبل لیگ کھیلنے میں کرکٹرز زخمی ہوسکتے ہیں لیکن سابق بورڈ کی اجازت کے باعث کرکٹرز کو لیگ کھیلنے سے نہیں روک سکتے۔