8اہم کیوی کرکٹرز کے پاکستان نہ آنے کا خدشہ سامنے آگیا جب کہ وہ انہی تاریخوں میں آئی پی ایل کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی شدہ بھارتی لیگ کا دوسرا مرحلہ 19ستمبر سے یواے ای میں شروع ہوگا،دوسری جانب پی سی بی نے نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ میچز17ستمبر سے 3اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
کیوی کرکٹرز میں سے ولیمسن حیدر آباد سن رائزرز کے کپتان ہیں،ٹرینٹ بولٹ اور ایڈم ملن دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز جبکہ کائیل جمیسن رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے ہیں، مچل سینٹنر چنئی سپر کنگز، لوکی فرگوسن اور ٹم سیفرٹ کولکتہ نائٹ رائیڈرز،فن ایلن رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس میں نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا تھا کہ پاکستان سے سیریز شیڈول ہونے کے باوجود ولیمسن، بولٹ اور لوکی فرگوسن سمیت اسٹار پلیئرز کو آئی پی ایل میچز میں شرکت کی اجازت دیدی جائے گی،اس پر منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق کیوی بورڈ کی جانب سے 8کرکٹرز کو بھارتی لیگ میں حصہ لینے کی اجازت ملنے کا امکان ہے،اس صورت میں کیوی ٹیموں کی کمان ٹم ساؤدی اور ٹام لیتھم کو سنبھالنا ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان سے سیریز کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل منتظمین میں ایک بار پھر تشویش کی لہر پائی جانے لگی، بعض فرنچائزز کی جانب سے کیوی بورڈ کے ساتھ رابطے کے فقدان پر بھی بی سی سی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔