این آر ایم اے انشورنس کے تعاون سے ویسٹرن آسٹریلیا کی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ہر ٹیسٹ میچ اب “دا ویسٹ ٹیسٹ” کے نام سے جانا جائے گا، جس کا اطلاق آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔
شائقین کرکٹ کو بہترین ماحول اور شاندار نظارہ فراہم کرنے کے لیے پرتھ اسٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی بنائی جا رہی ہے جسے “دا ویسٹ ہل” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پہاڑی تاریخی واکا اسٹیڈیم کی طرح شائقین کرکٹ کو کھیل کا بہترین نظارہ فراہم کرے گی، یہاں 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
“دا ویسٹ ہل” پر فیملیز کے بیٹھنے اور بچوں کے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز کرکٹ آسٹریلیا جوئیل موریسن کا کہنا ہے کہ “دا ویسٹ ٹیسٹ” اور “دا ویسٹ ہل” نہ صرف شائقین کرکٹ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا ایک شاندار تجربہ دیں گےبلکہ آسٹریلین سمر آف کرکٹ کو بھی ایک نئی جدت فراہم کریں گے۔،،
انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ بعد گزشتہ سال آسٹریلیا مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان نے آسٹریلیا اور پاکستان کی تاریخی رائیولری کو دوبارہ زندہ کردیا ہے لہذا “دا ویسٹ ٹیسٹ” سے متعلق اعلان کا یہ موزوں وقت ہے۔،،
سی ای او ڈبلیو اے کرکٹ کرسٹینا میتھیوز کا کہنا ہے کہ “دا ویسٹ ٹیسٹ” ویسٹرین آسٹریلیا کے لیے فخر کا مقام ہے کیونکہ اس سے ان کا شاندار اسٹیڈیم اور یہاں کی سہولیات دنیائے کرکٹ تک پہنچیں گی۔ وہ آئندہ سالوں میں بھارت اور انگلینڈ کی آمد کے موقع پر ویسٹ ٹیسٹ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر تعاون کرنے کے منتظر ہیں۔،،