راولپنڈی میں اتوار کےروز نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ اپنی بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے لیے عثمان خان اور فخر زمان کو نمبر تین پر کھلانے پرغور کیا جارہا ہے۔ اس نمبر پر کھیلنے والے بلے باز رضوان کو انجری کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسکین کے نتائج آنے تک سیریز کے بقیہ میچز کے لیے انہیں آرام دیا جا سکتا ہے، ان کی دستیابی پر آج فیصلہ متوقع ہے۔ اگر رضوان کھیلنے کے لیے فٹ ہوجاتے ہیں تو انتظامیہ انہیں بیٹنگ آرڈر میں چوتھے نمبر پر رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم، جب کہ زیادہ تر ٹیم مینجمنٹ اس ایڈجسٹمنٹ کی حمایت کرتی ہے، کپتان بابر اعظم مختلف رائے رکھتے ہیں اور رضوان کو ترجیح دیتے ہیں کہ وہ بیٹنگ آرڈر کے اوپر کے نمبروں پر اپنی پوزیشن برقرار رکھیں۔
ٹی 20 میں ٹاپ آرڈر بلے باز کے طور پر اپنے مضبوط ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے رضوان خود بھی مجوزہ تبدیلی سے محتاط ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ فخر زمان کو نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز میں ابھی تک نہیں کھلایا گیا، جبکہ عثمان خان دو اننگز میں 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔