انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر ناصر حسین نے ورلڈ کپ 2023ء سے قبل پاکستانی ٹیم کے غیر متوقع گیم اسٹائل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گرین شرٹس کی کامیابی اور غیر متوقع شکستوں کا سامنا کرنے کی صلاحیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ آخری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دیکھیں، پاکستانی ٹیم اس سے تقریبا باہر ہوگئی تھی اور پھر اچانک فائنل میں پہنچ گئی، وہ دلکش ٹیم ہیں کیونکہ کرکٹ کا وہی برانڈ اور انداز ہے جو وہ کھیلتے ہیں۔
ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے خاص طور پر آئندہ ٹورنامنٹ میں ہالینڈ کے خلاف پاکستان کے پہلے میچ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یورپی ٹیم کے خلاف ممکنہ شکست کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا "مجھے لگتا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کی بہت اچھی ٹیم ہے۔ ان کا پہلا مقابلہ نیدرلینڈز کے ساتھ ہے، وہ اس سے بھی ہار سکتے ہیں، یہ آپ کے لیے پاکستان ہے لیکن پھر وہ بلندی کی جانب جائیں گے، آپ آخری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دیکھیں، وہ اس سے تقریبا باہر ہو گئے تھے اور پھر اچانک وہ فائنل میں پہنچ گئے، وہ انتہائی غیرمتوقع اور دلکش ٹیم ہیں کیونکہ کرکٹ کا وہی برانڈ اور انداز ہے جو وہ میدان میں دکھاتے ہیں۔
سابق انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس ناقابل یقین حد تک دیکھنے کے قابل ٹیم ہیں اور کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں"۔
ناصر حسین نے اس بات پر زور دیا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں کسی بھی حریف کے خلاف مناسب سکور کرتا ہے تو وہ ایک خطرناک ٹیم ہے۔ انہوں نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ "اگر وہ آپ کے خلاف یا ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف ایک معقول اسکور کرتے ہیں، تو آپ یقیناً مشکل میں ہوں گے۔"