پاکستان ٹی20ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ کےخلاف 10اضافی میچزکھیلے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 2023-24 کے سیزن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 10 اضافی ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ 
پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین میچ کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچے گی جہاں وہ پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جو دراصل میگا ایونٹ کیلئے اس کی تیاریوں کا آغاز ہوگا، یہ پانچ میچز 12 سے 21 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔ 
میچز کا شیڈول:

12 جنوری، پہلا ٹی20 انٹرنیشنل

14 جنوری، دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل

17 جنوری، تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل

19 جنوری، چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل

21 جنوری، پانچواں ٹی20 انٹرنیشنل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے جواب میں کیویز کی ٹیم اپریل 2024 میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی تاہم اس دورے کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
10 اضافی ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کا مطلب یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم 19 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جن میں 10 نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ہالینڈ کے خلاف 2 آئرلینڈ کے خلاف اور 4 انگلینڈ کے خلاف ہوں گے۔ 
ان 19 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) فروری مارچ 2024 میں پی ایس ایل کی میزبانی بھی کرے گا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اضافی ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کو شیڈول کرنے کیلئے نیوزی لینڈ کرکٹ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈز سے مشاورت کے بعد اپنے فیوچر ٹور پروگرام 2025۔2023 میں معمولی ردو بدل کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز جو پہلے فروری 2024 میں پاکستان میں کھیلے جانے تھے تاہم وہ اب جنوری 2025 میں کھیلے جائیں گے، اسی طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ جو جنوری 2025 میں ہونا تھا اب اپریل 2025 میں ہوگا۔ اس دورے میں پاکستانی ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ رواں سال اپریل اور مئی میں راولپنڈی اور لاہور میں پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی دلچسپ سیریز کھیل چکے ہیں جو دو دو سے برابر رہی تھی۔ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی تھی جس میں تیسری ٹیم بنگلہ دیش کی تھی۔
آئی سی سی کی ٹی20 انٹرنیشنل ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ اور پاکستان اس وقت بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اور دونوں کے درمیان صرف دو پوائنٹس کا فرق ہے۔