چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کی رسمی کارروائی کے لیے پلان بن گیا تاہم بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس 6فروری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی حکومت ختم ہونے کے بعد سے پی سی بی کا نظام عبوری انداز میں چلایا جارہا ہے، نجم سیٹھی کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی ختم ہوئی تو ذکا اشرف کو کمان سونپ دی گئی، مدت میں توسیع بھی ہوئی مگر انتخابی عمل مکمل نہ ہوسکا، وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور نے ذکا اشرف کو بڑے فیصلے کرنے سے روک دیا۔
اس کے بعد انھوں نے استعفیٰ دیا تو چیئرمین کے لیے مضبوط امیدوار نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مینجمنٹ کمیٹی کا رکن بنادیا گیا جس کی مدد سے وہ آئینی کی طور پر مستقل چیئرمین نہیں بن سکتے تھے، بعد ازاں پیٹرن انچیف اور نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ان کو 10رکنی بورڈ آف گورنرز میں نامزد کردیا، حکومت کی جانب سے نامزد ہونے والے دوسرے رکن مصطفی رمدے ہیں، 4ریجنزکے صدور میں بہاولپور سے طارق سرور، ڈیرہ مراد جمالی سے ظفراللہ جدگال کو شامل کیا گیا ہے، آزاد جموں و کشمیر کے صدر سجاد علی کھوکھر اور لاڑکانہ کے تنویر احمد بھی بورڈ آف گورنرز کا حصہ بنے ہیں،ڈپارٹمنٹس نے بھی اپنے نمائندے نامزد کردیے ہیں۔
محمد اسماعیل قریشی سوئی ناردرن گیس، اسامہ اظہر پی ٹی وی، جاوید اقبال اسٹیٹ بینک اور ڈاکٹر انوار احمد خان غنی گلاس کے نمائندگی کریں گے، وفاقی سیکریٹری برائے بین الصوبائی رابطہ امور نان ووٹنگ ممبر ہیں،ان کی عدم دستیابی کی صورت میں کسی اور افسر کو بھیجا جاسکتا ہے۔
گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی سی بی الیکشن کمشنر شاہ خاور نے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس 6فروری کو لاہور میں طلب کرلیا،اس میں نئے چیئرمین کا انتخاب ہوگا، اراکین دوپہر 2بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جمع ہوکر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،تمام اراکین کو لازمی طور پر اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں عام انتخابات 8فروری کو ہورہے ہیں، اس سے قبل پی سی بی کو نیا سربراہ مل جائے گا،اس کا انتخاب تو 3سال کے لیے ہوگا مگر مستقبل کا فیصلہ آئندہ وزیراعظم ہی کریں گے۔
پی سی بی کے آئین کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے 10ارکان میں سے کوئی بھی چیئرمین کا انتخاب لڑ سکتا ہے مگر ابھی تک وزیر اعظم کے نامزد کردہ ارکان میں سے کسی ایک کو ہی یہ مسند ملتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب پی سی بی کے الیکشن کمشنر اور قائم مقام چیئرمین شاہ خاور اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اے سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے بالی روانہ ہوگئے، ان کی واپسی پر انتخابی عملی کی رسمی کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔