پاکستانی کرکٹرز کا مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِیکجہتی

اسرائیلی فوج کی غزہ میں معصوم شہریوں کی نسل کشی پر پاکستانی کرکٹرز نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منفرد انداز اپنایا۔ 
غزہ پر تاریخ کے سب سے تباہ کن اور انسانیت سوز حملے نے ہر درد مند دل کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اسرائیلی فوج کی بدترین دہشت گردی اور بھیانک جنگی جرائم کی شدید مذمت کررہے ہیں۔ 
کھیلوں اور شوبز سے وابستہ نمایاں شخصیات کی جانب سے اسرائیلی مظالم کو فوری بند کرنے اور فلسطین کے نہتے مظلوم عوام کا اجتماعی قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ 
ورلڈکپ کیلئے بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے ہوئے اُن کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ 
آل راؤنڈر شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، افتخار احمد، حارث رؤف اور سابق کرکٹر اظہرعلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر فلسطین کے قومی پرچم کی تصاویر پوسٹ کرکے مظلوم فلسطینی عوام کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ 
زمبابوے کے کرکٹر سکندر رضا نے بھی فلسطینیوں کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں ٹیم کی جیت کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے مین آف دی میچ ایوارڈ کو “غزہ کے بہن بھائیوں” کے نام کیا تھا جس پر بھارت میں ان کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا اور محمد رضوان کو بھارتی شائقین کے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ آئی سی سی میں بھی شکایت کی گئی تھی جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رضوان کے ٹویٹ کو ان کا انفرادی معاملہ قرار دیا تھا۔ 
واضح رہے کہ منگل کی شب غزہ کے الاحلی اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے جس پر دنیا بھر میں صہیونی حکومت اور جنگی جرائم کی مرتکب اسرائیلی فوج کیخلاف شدید غم و غصہ دیکھا جارہا ہے۔