دلوں کے کپتان‘ بابر اعظم پر محبت کے پھول نچھاور  

’دلوں کے کپتان‘ بابر اعظم پر ساتھی اور سابق کرکٹرز نے محبتوں اور نیک تمنائوں کے پھول نچھاور کردیے۔ 
ورلڈکپ 2023 میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی کی جانب سے بابراعظم کو وائٹ بال کرکٹ کی قیادت چھوڑنے کو کہا گیا مگر انھوں نے تینوں ہی فارمیٹس میں استعفیٰ دے دیا، پھر سوشل میڈیا پر اپنے فیصلے سے شائقین کو آگاہ کردیا۔ 
بابر اعظم کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ سابق کرکٹرز نے بھی انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا کہ مجھے آپ کی قیادت میں کھیلنے پر فخر ہے، میں اس دوران کئی نشیب و فراز سے گزرا مگر آپ نے ہمیشہ ہی سپورٹ کیا، میں بابر کو پاکستان کیلیے رنز کے مزید انبار لگاتے ہوئے دیکھنے کا منتظر ہوں۔ 
 
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ میرے 4 برس بہت ہی شاندار گزرے، آپ کی قیادت میں وائٹ بال ڈیبیو کیا، آپ نے ہمیشہ لیڈ فرام فرنٹ کی مثال قائم کی اور ہمیں ’ایک ٹیم، ایک خواب‘ پر یقین دلایا، انشااللہ ہم آپ کو مزید کئی بیٹنگ ریکارڈ توڑتے ہوئے دیکھیں گے۔ 
سابق کرکٹر اظہر علی نے کہا کہ بطورکپتان بہترین خدمات پر بابر کا شکریہ، مجھے پورا یقین ہے کہ یہ کپتانی کی ان کی آخری اننگز نہیں ہوگی، ہر چیز اچھے کے لیے اور سیکھنے کیلیے ہوتی ہے۔ سعید اجمل نے بھی بابراعظم کی بطورکپتان خدمات کو سراہا،ساتھ بطور بیٹر قومی ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔