بھارتی کمنٹیٹر ہرشابھوگلےکی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی، نیا تنازع کھڑاہوگیا

آئی سی سی مینز ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے نامناسب کمنٹس کرکے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ایک نیا تنازع کھڑاکردیا۔ 
گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے قومی ٹیم کو بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت دی تھی۔  مگر بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے حسبِ عادت پاکستان کے خلاف زہر اُگلتے ہوئے ایک متضاد بیان داغ دیا۔ 
بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کا اپنے کمنٹ میں کہنا تھا کہ عظیم الشان اعلانات کو بھول جائیں، ہمیں 2 ماہ پہلے ہی معلوم تھا کہ پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت آئے گا۔ 
بھارتی کمنٹیٹر کا متنازع بیان سامنے آنے کے بعد پاکستانی شائقینِ کرکٹ میں غصے کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے ہرشا بھوگلے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی کمنٹیٹر کا بیان توہین آمیز ہے، انہیں تکبر اور سیاست کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے۔ 
پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنے کے اپنے پختہ یقین کا اعادہ کیا گیا جبکہ احمد آباد میں بھارت بمقابلہ پاکستان کا تصادم، جو اصل میں 15 اکتوبر کو ہونا تھا،اس کو بھی سیکورٹی مسائل کی وجہ سے 14 اکتوبر کو ری شیڈول کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر 2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں پاکستانی فینز اور ٹیم کو مایوس دکھایا گیا تھا تو شائقین کرکٹ کی جانب سے اس پر شدید رد عمل ظاہر کیا گیا تھا۔ 
واضح رہے کہ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہورہا ہے، جہاں 2019 کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ کا آغازہوگا، جبکہ اس کا اختتام 19 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں  شیڈول فائنل پر ہوگا۔ 
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے بھی باز گشت سنائی دے رہی ہے تاہم حتمی فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا، پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونا طے تھا، جس کے اب ایک روز قبل یعنی 14 تاریخ کو انعقاد کا امکان بڑھ گیا ہے۔ 
اسی طرح پاکستان اور نیدلینڈز کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو ہونا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے، یہ میچ اب 10 اکتوبر کو ہوگا، تاہم 
شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔