بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولنگ یونٹ کو دنیا کا بہترین ’نیو بال اٹیک‘ قرار دے دیا۔
انڈیا ٹوڈے کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق بھارتی کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان فاسٹ بولرز کا مقابلہ ہوتا ہے لیکن موجودہ دور میں پاکستانی پیسرز کا دستہ کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ مہلک ثابت ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اعلیٰ درجے کے پیسرز کا مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے، وہ اچھی رفتار سے گیند کو دونوں طرف سوئنگ اور سیم کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ لہذا میگا ایونٹس میں کسی بھی بلے باز کو انہیں کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔
ایشیاءکپ میں تینوں پاکستانی پیسرز نے تین میچوں میں اب تک 23 وکٹیں حاصل کی ہیں، جو بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھارہے ہیں۔
روایتی حریف بھارت کے خلاف قومی پیسرز نے گروپ میچ میں ٹاپ بیٹنگ آرڈر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا تاہم میچ بارش کی نذر ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
اب روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 10 ستمبر کو ناک آؤٹ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اگر بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا تو اگلے دن 11 ستمبر کو میچ وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں رکا تھا۔