پاکستان کےکون کون سے کھلاڑی آئی پی ایل اورپی ایس ایل کھیل چکے ہیں؟

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی کھلاڑی سال 2008 کے بعد سے انڈین پریمئیرلیگ (آئی پی ایل) کے کسی ایڈیشن کا حصہ نہیں بن سکے۔ 
آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، محمد حفیظ، عمر گل، شعیب اختر، مصباح الحق، کامران اکمل، شعیب ملک، سلمان بٹ اور سہیل تنویر جیسے نامور کرکٹرز نے پہلے سیزن میں اپنے ہنر کا جادو جگایا تھا، بعدازاں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث قومی کرکٹرز لیگ کھیلنے سے قاصر ہیں۔ 
سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے آئی پی ایل میں دکن چارجرز کی نمائندگی کی تھی، انہوں نے 10 میچوں میں 81 رنز بنائے تھے جبکہ پی ایس ایل میں پشاور، کراچی، ملتان اور کوئٹہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ 
سابق کرکٹر محمد حفیظ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیلئے آئی پی ایل کھیل چکے ہیں، انہوں نے 9 میچوں میں 64 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان سپر لیگ میں انہیں لاہور قلندرز کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ 

سابق فاسٹ بولر عمر گل کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لئے کھیل چکے ہیں، انہوں نے 6 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پی ایس ایل میں ملتان اور کوئٹہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔  
لیجنڈ کرکٹر مصباح الحق نے آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی، انہوں نے 8 میچ کھیلے، جس میں وہ 117 رنز بناسکے تھے اور پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ 
کامران اکمل سال 2008 کی چیمپئین ٹیم راجستھان رائلز کا حصہ تھے، انہوں نے 6 میچوں میں 128 رنز بنائے جبکہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔  
اسی طرح سہیل تنویر نے راجستھان رائلز کیلئے آئی پی ایل کھیلا اور ٹیم کو چیمپئین بنوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 11 میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پی ایس ایل میں کراچی، ملتان، کوئٹہ اور لاہور کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ 

سابق کپتان شعیب ملک نے آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی طرف سے کھیلے، انہوں نے 7 میچوں میں 52 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک واحد کرکٹر ہیں جو اب تک پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔ وہ رواں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔