آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ ساز فتح حاصل کرنے کے بعد سابق بھارتی کرکٹرز اور کمنٹیٹرز بھی پاکستانی بیٹنگ لائن کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔
گزشتہ روز سری لنکا کیخلاف میچ میں عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے سنیچریاں اسکور کیں اور ٹورنامنٹ میں اپنے نام مسلسل دوسری جیت درج کی۔
اس میچ میں آئی لینڈرز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بنا کرنمایاں رہے تھے جبکہ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں 345 رنز کا پہاڑ جیسا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔
عبداللہ شفیق نے صرف پانچویں ون ڈے میں کھیلتے ہوئے 113 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ محمد رضوان نے 131 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
دونوں بیٹرز نے ریکارڈ ہدف کیلئے 176 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان مخالف ٹوئٹس کیلئے مشہورسابق بھارتی بولر عرفان پٹھان نے لکھا کہ کیپنگ کے 50 اوورز اور پھر دباؤ میں اسپین اٹیک کیخلاف شاندار سینچری، رضوان نے بہترین کھیل پیش کیا۔
معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے لکھا کہ 50 اوورز کےفارمیٹ کا بہترین رن چیز، جہاں اننگز بنائی جاتی ہیں وہاں عبداللہ شفیق کا کردار بہت اہم رہا۔
سابق کرکٹر محمد کیف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ رضوان نے ون ڈے کیرئیر کی بہترین اننگز کھیلی اور بولرز کو ٹارگٹ کرکے اٹیک کیا۔
سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے لکھا کہ کیا پھینٹا لگایا ہے، ابتدائی 2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد پاکستان نے شاندار انداز میں ہدف کا تعاقب کیا، عبداللہ کی بیٹنگ اور رضوان کا پراعتماد ہونا قابل تعریف ہے۔،،
بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے لکھا کہ رضوان حقیق طور پر پاکستان کیلئے میچ ونر ہیں، کبھی ہار نہیں مانتے، پاک بھارت میچ کیلئے اچھا سیٹ اَپ تیار ہوچکا ہے۔
سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے لکھا کہ جب رضوان کو گرائونڈ میں درد ہوا تو سری لنکا جانتا تھا وہ مشکل میں ہیں لیکن کیا بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، زبردست۔۔۔
معروف کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے لکھا کہ رفتار کے خلاف ٹھوس، اسپن کے خلاف آرام دہ عبدللہ شفیق نے شاندار کھیل پیش کیا، مشکلات سے بہترین چیزیں نکلتی ہیں۔،،