پاکستان نے بلائنڈ کرکٹ میں بھارت کو 18 رنز سے شکست دے دی

برمنگھم میں شروع ہونے والے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں کرکٹ کے مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنے سفر کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ 
کنگ ایڈورڈ اسکول گرانڈ برمنگھم میں پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اووروں میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ 
پاکستان کے باصلاحیت بلے باز محمد سلمان نے 50 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ نثار علی نے 46 اور بدر منیر نے 37 رنز بنائے۔ بھارتی کھلاڑی اے کے ریڈی نے پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ این بادا نائیک نے تین وکٹیں لیں۔ 
ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پرصرف 169 رنز بناسکی اور اسے 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
سنیل رمیش نے 62 اور دمبا رائوتومپاکی نے 40 رنز بنائے۔ پاکستان کے مطیع اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بھارت کے پانچ کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ 
بھارت کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میدان میں ہی سجدہ شکر ادا کیا۔

ایونٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ منگل کے روز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔