پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے خلاف چوتھے ٹی ٹونٹی میچ کے لئے گرین شرٹس کی ممکنہ پلیئنگ الیون سامنے آگئی جس میں فخر زمان کی واپسی کا امکان ہے جبکہ قومی ٹیم تین سیمرز اور تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترسکتی ہے۔
نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان میں کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ کھیلا جائے گا۔ بابراعظم کی ٹیم پر تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ مارک چیپ مین کی 42 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سیریز 1-1 سے برابر ہوچکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے ممکنہ پلیئنگ الیونز کے بارے میں اب بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے اپنے امتزاج کو آزمانے اور جانچنے کے لیے تیاری کا بھرپور موقع ہے۔
پاکستان کی حتمی پلیئنگ الیون اس وقت دنیائے کرکٹ کا موضوع بنی ہوئی ہے جس میں باقاعدہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ سیریز کے بقیہ دو میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔
قومی ٹیم کے بلے باز فخر زمان، محمد رضوان کی جگہ لے سکتے ہیں اور ون ڈائون سلاٹ کو بھر سکتے ہیں جس میں وکٹ کیپر بلے باز نے حال ہی میں خاص طور پر کیویز کے خلاف اس ہوم سیریز میں جدوجہد کی ہے۔ مڈل آرڈر میں شاداب خان اور افتخار احمد ہیں جبکہ پاکستان تین سیمرز اور تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں جاسکتا ہے جس کے ساتھ عماد وسیم پاکستان کے لیے واپسی کررہے ہیں، گرین شرٹس کی پلیئنگ الیون میں محمد عامر، شاہین آفریدی اورعباس آفریدی بھی شامل ہیں۔
مسٹری اسپنر ابرار احمد ایک اور آپشن کے طور پر ہیں جو لاہور کی کنڈیشنز میں ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ اسامہ میر کو ہوم کنڈیشنز میں ٹرمپ کارڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کل شام 7 بجے مین ان گرین کا مقابلہ بلیک کیپس سے ہوگا۔ متوقع پلیئنگ الیون میں بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان، افتخار احمد،شاداب خان،عماد وسیم،شاہین آفریدی،محمدعامر، ابرار احمد اور عباس آفریدی شامل ہوسکتے ہیں۔