ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان نے انگلینڈ کو بھی ہرادیا،مسلسل چوتھی جیت

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انگلینڈ میں جاری سنسنی خیز ایونٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد آسٹریلیا اور بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔   
تفصیلات کللے مطابق ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے انگلینڈ کو 79 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔ 
انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے 196 رنز کے جواب میں 17 اوورز میں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 
کیون پیٹرسن کی اننگز 4 رنز تک محدود رہی، فل مسٹرڈ نے 30 رنز بنائے، ایان بیل 11 اور علی براؤن نے بھی 11 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
انگلینڈ چیمپئینز کے 7 بیٹرز ڈبل فِگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ 
پاکستان چیمپئینز کی جانب سے سعید اجمل نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبدالرزاق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
گرین شرٹس کے شعیب ملک، عامر یامین اور سہیل خان نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔  
اس سے قبل برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جبکہ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ 
پاکستان چیمپئینز کے صہیب مقصود 64 رنز بنا کر نمایاں رہے اور شعیب ملک نے 51 رنز کی اننگز کھیلی، مصباح الحق 23 اور عبدالرزاق نے 20 رنز بنائے۔ 
انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ میکر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
شعیب ملک کو شاندار نصف سنچری اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں یہ پاکستان کی مسلسل چوتھی فتح ہے، پاکستان چیمپئینز کا اگلا مقابلہ جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوگا۔