چیمپئیز ٹرافی 2025: افتتاحی اور فائنل میچ کس تاریخ کو ہوگا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوش خبری سنادی۔ پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، 10 مارچ کو ریزرو ڈے کے ساتھ، ٹورنامنٹ کے تمام میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئیز ٹرافی 2025 کے افتتاحی اور فائنل میچ سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شائقین کو آگاہ کردیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں باضابطہ طورپربتایا گیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی 2025 میں شریک ٹیموں نے اپنی آمد سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ 
روایتی حریف بھارت کی ٹیم نے بھی پاکستان آمد سے متعلق آئی سی سی کو یقین دہانی کروادی ہے دیگر ٹیموں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ 
پی سی بی کے مجوزہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو ہوگا جبکہ فائنل 9 مارچ کو رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم ٹورنامنٹ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان آئی سی سی کرے گا۔ 
قبل ازیں چیمپئیز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو بتایا تھا کہ 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں رکھا گیا، پہلے گروپ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ دوسرے گروپ میں آسٹریلیا، افغانستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔