ایمرجنگ ایشیاکپ: پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلا مقابلہ جیت لیا

پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم نے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز آج سے کیا اور زبردست مقابلے کے بعد نیپال کی ٹیم کو شکست دے دی۔ ایونٹ کا پہلا میچ آج بروز منگل تن کے وونگ روڈ ریکری ایشن گراؤنڈ ہانگ کانگ میں کھیلا گیا۔

سیدہ عروب شاہ اور طوبیٰ حسن کی قیادت میں اسپنرز نے اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2023 کے اپنے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرنے میں پاکستان کی مدد کی۔

88 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں لیگ اسپنرز عروب شاہ اور طوبیٰ حسن نے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور باقاعدگی سے وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں اسپنرزنے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آف اسپنر ام ہانی اور بائیں ہاتھ کی اسپنر انوشہ ناصر نے ایک ایک وکٹ حاصل کرکے پاکستان کو نیپال کے خلاف نو رنز سے فتح دلائی۔

ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپوں سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ ایونٹ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کررہی ہیں جبکہ قومی ٹیم گروپ اے میں ہانگ کانگ، نیپال اور بھارت کے ساتھ ہے۔

پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 جون کو میزبان ٹیم ہانگ کانگ اور تیسرا میچ 17 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

کپتان قومی ٹیم فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہر کھلاڑی کو پتہ ہے کہ اس کا کیا رول ہے اب یہ ان کا کام ہے کہ وہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں، اگرچہ انفرادی کارکردگی اور مہارت کا اہم رول ہوتا ہے تاہم مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین ہے اور یہ تمام کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں۔