پاک، ویسٹ انڈیز سیریز: اسٹیڈیم شائقین سے مکمل بھرا ہوگا

پی سی بی کی درخواست پرنیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے 100فیصد گنجائش کے مطابق شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں تماشائیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ دسمبر کے تیسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 13 سے 22 دسمبر تک شیڈول ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے ٹکٹس کی فروخت جمعے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ سب سے مہنگا ٹکٹ ایک ہزار روپے کا رکھا جائے گا،500 اور 250 روپے کے ٹکٹس بھی دستیاب ہوں گے۔ ویکسی نیشن کرانے والے 12 سال تک کے بچے بھی اہل خانہ کے ساتھ اسٹیڈیم آکر میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے تحت تماشائیوں کو میچ کے دوران ماسک لگانا ضروری ہوگا۔ کووڈ پروٹوکول کی پالیسی پرعمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 دسمبر کو کراچی پہنچ رہی ہے۔ سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔ کورونا کی صورتحال میں تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں ہونے والی یہ پہلی سیریز ہوگی۔