نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی ٹونٹی سیریز میں گرین شرٹس کی مسلسل 2 ناکامیوں کے بعد پوسٹ میچ کانفرنس کے دوران پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک نے اعظم خان کی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہوئے ان کی بلے بازی کے تباہ کن انداز کو اجاگر کیا لیکن ساتھ ہی یہ اعتراف بھی کیا کہ نوجوان کھلاڑی کو ایک مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا جہاں ان کی بلے بازی کی فوری ضرورت تھی۔
حالیہ میچوں میں اعظم خان کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے، جارح مزاج بیٹرنیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں دس رنز بناسکے تھے جبکہ دوسرے میچ میں صرف دو رنز بناپائے، تاہم پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک نے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کے بارے میں بات کی۔
ایڈم ہولیوک نے کہا کہ "اعظم خان ایک تباہ کن بلے باز ہے، مگر بدقسمتی سے آج جب وہ میدان میں آئے تو انہیں فوری اٹیک کرنا پڑا، رنز بنانے کی کوشش میں وہ آؤٹ ہو گئے، یہ اس کھیل کا حصہ ہے کہ کبھی یہ کام کرتا ہے تو آپ بہت اچھے لگتے ہیں اگر یہ کام نہیں کرتا تو آپ بیوقوف نظر آتے ہیں۔ وہ ایک بڑا ہٹر ہے حالانکہ اس نے ان دو گیمز میں یہ کرکے نہیں دکھایا۔ امید ہے کہ وہ مستقبل میں پرفارم کرے گا۔
جب مستقبل کے میچز کے لیے ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز کی جگہ کے بارے میں سوال کیا گیا تو قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی کو تسلیم کیا۔ ایڈم ہولیوک نے مزید کہا کہ "وہ ایک باصلاحیت پلیئر ہے لیکن اسکواڈ میں بہت سارے باصلاحیت لڑکے ہیں لہذا آپ کو صرف یہ دیکھنا ہوگا کہ پچ کیا ہے اور اگلے میچ میں ٹیم کا میک اپ کیا ہے لہذا یہ صرف ایک نکاتی معاملہ نہیں ہے، وہ اس میں شامل ہونے کا مستحق ہے کیونکہ پاکستان میں بہت سارے اچھے کھلاڑی ہیں اور جس کو آپ پاکستانی ٹیم میں رکھتے ہیں اس کے لیے آپ کو اپنے کھیل میں سرفہرست ہونا ہوگا لہذا ہم دیکھیں گے"۔
یاد رہے کہ 5 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 195 رنز کے تعاقب میں 21 رنز سے ہار گئی۔ فن ایلن کی شاندار نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم کیویز کی شاندار کارکردگی کی بدولت 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کو سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔