راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے موجودہ فاسٹ بولنگ لائن اِپ کو دیکھ مجھے وسیم اکرم اور وقار یونس کی عظیم جوڑی کا سنہرا دور یاد آجاتا ہے۔
ایشیاکپ کے براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس کو دئیے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ نسیم، حارث اور شاہین کی موجودگی مجھے پرانے دنوں کی یاد دلاتا ہے، جس نے عالمی کرکٹ میں اپنا نام پیدا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اقرار کرنے میں کوئی شرم نہیں کہ شاہین شاہ آفریدی اس وقت اپنے کیرئیر کے عروج پر ہیں، حارث بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جبکہ نسیم شاہ کو صرف اتنا مشورہ ہے کہ وہ اسٹاک بولر بننے کے بجائے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندیں کرائیں۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ یہ تینوں بہت باصلاحیت پلیئرہیں، مجھے خوشی ہے کہ پاکستان بار بار ایسے تیز گیند باز پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر شیعب اخترنے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کو فیورٹ قراردیا جبکہ ایشیاءکپ اور میگا ایونٹ میں ہندوستانی ٹیم کو ہرانے کی پیشگوئی بھی کردی۔
ایشیاءکپ میں تینوں پاکستانی پیسرز نے تین میچوں میں اب تک 23 وکٹیں حاصل کی ہیں، جو بھارت میں ہونے ورلڈکپ سے قبل ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھارہے ہیں۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف قومی پیسرز نے گروپ میچ میں ٹاپ آرڈر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا تاہم میچ بارش کی نذر ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
واضح رہے کہ وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی نے 900 سے زیادہ ون ڈے وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کے پاس عظیم فاسٹ بولر پیدا کرنے کی شاندارتاریخ رہی ہے جن میں وسیم اکرم، وقاریونس، شعیب اختر، عاقب جاوید،فضل محمود، سرفراز نواز اور ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان اور دیگر شامل ہیں۔