پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وبا کے باعث مؤخر ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلا کے مطابق کورونا وائرس وبا کی روک تھام کے پیش نظر ایونٹ کے بقیہ میچز 17 مارچ کو ملتوی کردئیے گئے تھے۔ جن کے دوبارہ انعقاد کا شیڈیول جاری کردیا گیا ہے۔
ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ چودہ نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمنٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمنٹر ٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔
ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں – ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی- کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔ فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچوں کے انعقاد کااعلان اس بات کی بھی تائید ہےکہ پاکستان کوویڈ 19 کی وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے مقابلوں سمیت زمباوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔