پاکستان کرکٹ بورڈ جلد براڈکاسٹنگ کے حوالے سے اہم ڈیل کرنے والا ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے پی سی بی کونئے میڈیا رائٹس کنٹریکٹ میں زیادہ رقم ملنے کی توقع نہیں، پی ایس ایل کے براڈکاسٹر سے بھی تنازع چل رہا ہے۔ مارکیٹ میں زیادہ چینلز بھی موجود نہیں،ایسے میں حکام نے ایک منفرد ڈیل کا فیصلہ کر لیا،اس حوالے سے کافی کام ہوگیااور جلداعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک چینل سے معاہدے کے بعد تمام ڈومیسٹک ٹورنامنٹس اور پاکستان کے انٹرنیشنل میچز پاکستان میں اسی پر دکھائے جائیں گے،آف سیزن میں پرانے میچز کی جھلکیاں، پلیئرز کے انٹرویوز و دیگر شوز نشر ہوں گے،ابھی یہ واضح نہیں ہواکہ پی سی بی خود مذکورہ چینل کو چلائے گا یا ریونیو شیئرنگ فارمولے پر عمل ہونا ہے۔
گذشتہ دنوں صرف گلوبل میڈیا رائٹس کی فروخت کے لیے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی گئی تھیں، اس سے بھی اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں میچز دکھانے کی کوئی ڈیل ہو چکی۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سی ای او وسیم خان گذشتہ چند روز سے اسلام آباد میں مقیم ہیں، ذرائع کے مطابق وہ وہاں براڈکاسٹ ڈیل سمیت بعض اہم معاملات پر بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم کو بریفنگ دینا چاہتے ہیں مگر تاحال ملاقات ممکن نہیں ہو سکی ہے، وہ پی ایس ایل کے بعض اہم معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی سے بھی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں، گوکہ تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ احسان مانی آئندہ برس عہدے کی میعاد مکمل ہونے پر بورڈ سے الگ ہو جائیں گے مگر ذرائع کے مطابق ایسا نہیں ہوگا، ابھی سے پس پردہ ایکسٹینشن کی کوشش شروع ہو گئی ہے۔
رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ احسان مانی اور وسیم خان سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے 2 دن پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے تھے مگر وہ ملتوی ہو گیا تو دیگر ملاقاتوں کے لیے وہیں رک گئے ہیں۔