عمرگل اورسعیداجمل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر  

2009 کا ٹی20 ورلڈکپ اور 2012 کا ایشیاکپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے رکن عمر گل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹرز کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔ 
عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں اس کے علاوہ وہ گزشتہ سال ٹی20 ورلڈکپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔  
سابق کرکٹر نے 2003 میں شروع ہونے والے اپنے شاندار انٹرنیشنل کریئر میں47 ٹیسٹ میچوں میں 163وکٹیں لیں۔ 130 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 179وکٹیں اور 60 ٹی20 انٹرنیشنل میں 85 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ 
سابق عالمی نمبر ون ڈے انٹرنیشنل بولر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمہ داریاں شروع کریں گے۔ انہوں نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیااور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائٹڈ کے اسپن بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 
عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا شکریہ اداکیا ہے اور کہا ہےکہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کی بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
سعید اجمل نے بھی کہا ہے کہ وہ ذکا اشرف کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے انہیں موقع فراہم کیا۔ وہ پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کا کریئر اور تجربہ ٹیم میں اسپن بولنگ کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔