انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین ارون دھومل نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت بورڈز کے سربراہان کی ملاقات کے باوجود بھارت ایشیاکپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین ارون دھومل کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی تاہم ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا ہمارے سیکریٹری پاکستان جائیں گے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں ایشیاکپ اور ورلڈکپ کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
گزشتہ روز خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں جمی برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے، ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ کرکٹ تعلقات پربات چیت ہوئی جس میں دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔
ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیاکپ دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی جو جے شاہ نے قبول کرلی ہے، جواب میں جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت آکر ورلڈکپ دیکھنے کی دعوت دی جس کو چیئرمین پی سی بی نے خوش دلی سے قبول کیا تھا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیاکپ کی طرح اپنائے گئے ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کو بھی غیر جانبدار مقام کی درخواست کرنے کا حق حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میری وزارت کے ماتحت آتا ہے، اگر بھارت اپنے ایشیاکپ کے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کرتا ہے، تو ہم بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے لیے بھی یہی مطالبہ کریں گے۔
احسان مزاری نے کہا کہ پاکستان ایشیاکپ کے میزبان ہے اور تمام میچز کروانے کا حق رکھتا ہے، کرکٹ کے شائقین یہی چاہتے ہیں کہ ہمیں ہائبرڈ ماڈل منظور نہیں۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کے بعد ایشیا کپ 2023 ایک ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور سری لنکا اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی ہوں گے، بھارت کے میچ سری لنکا میں شیڈول رکھے گئے ہیں جبکہ پاکستان صرف 4 میچوں کی میزبانی کرے گا۔