فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری سے متعلق غلط تشخیص پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ڈاکٹرز پر برہم ہوگئے، ڈاکٹرز کی غلطی نے قومی فاسٹ بولر کا کیرئیر داؤ پر لگادیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پی سی بی میں موجود ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے، گذشتہ دنوں ملتان سلطانز کے شریک اونر علی ترین کی جانب سے فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کی غلط تشخیص اور کہنی کی غلط سرجری کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری سے متعلق غلط تشخیص پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شدید برہم ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ بولر احسان اللہ کی ایک سینئر ڈاکٹر سمیت پی سی بی حکام نے ابتدائی طور پر ان کی انجری کی غلط تشخیص کی اور غلط سرجری ہوئی، جس کے نتیجے میں کرکٹر میگا ایونٹس اور سیریز سے باہر ہوگئے۔
احسان اللہ کی غلط سرجری کے بعد اب انہیں برطانیہ میں خصوصی علاج کی ضرورت ہے، جس کے اخراجات پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز برداشت کررہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کرکٹر کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور غفلت آمیز رویئے پر ناخوش ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔
پی سی بی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے سامنے آنے کے بعد محسن نقوی بہت پریشان ہیں اور احسان اللہ کے علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو عہدوں سے برخواست کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
گزشتہ روز ملتان سلطانز کے علی ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر انکشاف کیا تھا کہ ملتان سلطانز نے بیرون ملک علاج کے تمام اخراجات کے ساتھ ساتھ احسان اللہ کی رہائش کے اخراجات بھی برداشت کیے ہیں، احسان اللہ این سی اے لاہور میں ری ہیب کر رہے تھے، وہ اپنی فیملی کے ساتھ ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھے جس کا تمام کرایہ اور رہنے کے اخراجات فرنچائز نے اٹھائے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ احسان اللہ کو رواں ماہ برطانیہ لے کر جائیں گے تاکہ ان کا درست علاج ممکن ہوسکے، وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ کچھ وقت گزارنے سوات آئے ہیں۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ان کی انجری کی غلط تشخیص ہوئی اور پھر ناکام سرجری کی گئی جس سے ان کا کیرئیر داؤ پر لگ گیا، اب برطانیہ میں چیک اَپ کروائیں گے جس کے بعد دیکھیں گے کہ سرجن کیا کہتے ہیں۔،،
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گزشتہ ایڈیشن میں احسان اللہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا بعدازاں انہیں قومی ٹیم میں بھی موقع دیا گیا تھا وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد وہ ورلڈکپ اور ایشیاکپ سے باہر ہوگئے تھے۔