چیئرمین پی سی بی کا قذافی اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام پراظہارِاطمینان

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کے معیار پر لانے کیلئے بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی اوور ہالنگ کی حوصلہ افزائی کی اور تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے دبئی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، انہوں نے وہاں ڈریسنگ رومز، اسٹینڈز، مہمان نوازی کے خانوں اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا اور یہ فیصلہ کیا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم کے معیار پر لانے کے لیے اس کی بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ جانے والے اہلکاروافسران نے بھی دبئی اسٹیڈیم کی تصاویر بنائیں۔ چیئرمین پی سی بی نے مشورہ دیا کہ لاہور واپسی پر قذافی اسٹیڈیم میں بھی ایسا ہی کام کیا جائے۔ قذافی اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام پیر کےروز سے شروع ہونے والا ہے جس کی مرکزی عمارت پہلے ہی منہدم کی جا چکی ہے۔ شائقین اکثر ڈومیسٹک اسٹیڈیم میں سہولیات کی کمی کی شکایت کرتے ہیں نئے منصوبے کے مطابق ان شکایات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 
کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ تعمیراتی کام 31 دسمبر سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا۔ یہ اپ گریڈ 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ پی سی بی نے ملک کے تین بڑے اسٹیڈیمز جن میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم، کراچی کا نیشنل بینک کرکٹ ایرینا اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم شامل ہے، کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 12.80 ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ایونٹ کے لیے انٹرنیشنل معیارات پر پورا اترتے ہیں۔