پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے لئے 4 بڑی ٹیموں کے بورڈز سے رابطہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ سے رابطے شروع کر دیے ہیں جبکہ اگست میں پاکستان کا دورہ کرنے اور دو طرفہ یا سہ ملکی سیریز میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے مذکورہ بورڈز کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ یہ سیریز مہمان ٹیموں کو میگا ایونٹ سے قبل برصغیر کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا تھا کہ اہم ایونٹ کے لیے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے اضافی میچز کے حصول کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پی سی بی 50 اوور کے میگا ایونٹ سے قبل کئی بورڈز سے رابطے کررہا ہے تاکہ میچز کروائے جاسکیں۔
دوسری جانب ایشیاکپ کے لئے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل بھی تسلیم کرلیا گیا ہے، جس کے بعد قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ورلڈکپ کے لئے قومی ٹیم بھارت جائے گی۔