پی سی بی کا ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کروانے پرغور

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد پر غور شروع کردیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا تیسرا اجلاس چیئرمین ذکا اشرف کی صدارت میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا، 10 میں سے ایک رکن مصطفیٰ رمدے نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
 
ارکان کو مینز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس پر بریفنگ دی گئی، کمیٹی نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور ذکا اشرف کی کوششوں کو سراہا جن کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے بورڈ اور کرکٹرز کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پائے۔ 
مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان نے سابق کرکٹرز کی کھیل کے لیے خدمات کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہوئے پلیئر ویلفیئر اسکیم کے بجٹ میں 10 فیصد اضافے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ 
اجلاس میں ایبٹ آباد میں مستقبل میں انٹرنیشنل میچز کرانے پر غور ہوا اور اس ضمن میں وہاں پر نئے پویلین کی تعمیر کے بارے میں پلان اجلاس میں پیش کیا گیا جسے تمام ارکان نے سراہا اور اس کی منظوری دی گئی۔ 
اجلاس کو انفرااسٹرکچر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بھی مختلف تجاویز کے سلسلے میں اپ ڈیٹ کیا گیا جن پر گزشتہ اجلاس میں پیش کی گئی تھیں جن میں تمام اسٹیڈیمز میں سولر پینلز کی تنصیب شامل ہے۔ شرکاء کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی تزئین و آرائش، اسٹیڈیمز کے جنرل انکلوژرز میں پنکھوں کی تنصیب پر بھی بریفنگ دی گئی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ڈیجیٹل اسکرین کی تبدیلی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔