پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے 17 فروری سے 17 مارچ تک ٹورنامنٹ کے انعقاد پر اتفاق کرلیا گیا۔
پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن18 فروری سے 19 مارچ تک کرانے کی تجویز تھی،اس حوالے سے فرنچائزز کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا،البتہ بعض معاملات کا جائزہ لینے کے بعد اب 17 فروری سے 17 مارچ تک ایونٹ کے انعقاد پر اتفاق ہوگیاہے۔
پی ایس ایل کے تمام میچز ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے،افتتاحی تقریب اور چند میچز لاہور میں کرانے کی تجویز ہے جبکہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ فروری کے اوائل میں ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی وجہ سے لیگ کو یو اے ای منتقل کرنے پر بھی غور کیا گیا تھا لیکن پھر حتمی طور پر ایونٹ کے ملک میں ہی انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈبل ہیڈرز کی وجہ سے شیڈول کو فائنل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، رمضان سے قبل ہی ایسا کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے لیکن کراچی میں ایک میچ کے دوران اسٹیڈیم نہیں بھر پاتا، بورڈ کو لگتا ہے کہ 2 میچز میں تو نیشنل اسٹیڈیم تقریبا خالی ہی رہے گا، اس حوالے سے مزید غوروخوص جاری ہے،کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بعد شیڈول کا جلد ہی باضابطہ اجرا بھی کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے آغاز کی تاریخ 8 فروری مقرر کی گئی تھی تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ بھی اسی روز مقرر کی گئی ہے جس کے باعث انتظامیہ نے شیڈول تبدیل کیا ہے۔
دوسری جانب وینیوز کے ناموں پر فرنچائزز نے اعتراضات اٹھائے ہیں، ان کا موقف ہے کہ ماہ فروری میں سرد موسم اور دھند کی وجہ سے میچز کا انعقاد مسئلے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ پشاور زلمی کے منتظمین کا موقف تھا کہ کچھ میچز پشاور میں بھی ہونے چاہئیں۔