’’غیرملکی لیگزمیں شرکت کرنی ہے توپہلے ڈومیسٹک میں فٹنس ثابت کریں‘‘  

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز میں شرکت کی اجازت دینے کے فیصلے کو ان کی فٹنس سے مشروط کردیا۔ 
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فٹنس مسائل سے دوچار پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ، محمد حسنین اور احسان اللہ بنگلہ دیش پریمئیر لیگ (بی پی ایل) میں شرکت کے خواہشمند ہیں جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان متحدہ عرب امارات کی (آئی ایل ٹی) لیگ کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ 
ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ غیر ملکی لیگز میں شرکت کیلئے پہلے ڈومیسٹک میں اپنی پرفارمنس ثابت کریں بعدازاں انہیں غیرملکی لیگز میں شرکت کے لیے این او سی جاری کیا جائے گا۔  
شاداب خان کی کلیئرنس اور دیگر تین فاسٹ بولرز کو این او سی دینے کیلئے بورڈ نے مینجمنٹ سے رائے طلب کی ہے۔ 
دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ کے پیغام کے بعد لیگ اسپنر شاداب خان پریذیڈینٹ ٹرافی کھیلنے کراچی پہنچ گئے ہیں البتہ کرکٹرکوغیرملکی لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 19 جنوری سے شروع ہوگی، جس میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں کو شرکت کرنی ہے تاحال پی سی بی نے کسی بھی کھلاڑی کو این او سی جاری نہیں کیا ہے۔