ڈومیسٹک کرکٹ میں پی سی بی کا 3 نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 25-2024 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافے کا اعلان کیا ہے۔ 
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ڈومیسٹک سیزن 25-2024 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور فرسٹ کلاس کپ منعقد ہوں گے۔ اس میں ہمارے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پلیئرز کھیلیں گے اور 150 کھلاڑیوں کا ایک پول بنایا جائے گا۔ 
چیئرمین پی سی نے کہا کہ نئے سیزن کا آغاز یکم ستمبر کو چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔ اس سیزن میں ڈیولپمنٹ سطح پر مجموعی طور پر13 ہزار میچ کھیلے جائیں گے۔ نئے ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس اور دیگر میچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔  
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاوضوں اور میچ فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب کٹیگری ون کے کھلاڑی کو ساڑھے 5 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ پچھلے سیزن میں یہ معاوضہ تین لاکھ روپے تھا۔ 
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر ٹورنامنٹ کروانے کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا، پاکستان کرکٹ کا معیار بین الاقوامی سطح تک پہنچانا اور پاکستانی ٹیم کا اصل مقام بحال کرنا ہے۔ ہم ایک انڈرر 19 اور ویمن ٹیم دے رہے ہیں جو 15،15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میں موجودہ رینکنگ پاکستان کی حقیقی صلاحیتوں کی عکاسی نہیں کرتی لیکن میں مایوس نہیں ہوں بلکہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے بہت پُر امید ہوں۔ ہماری ڈومیسٹک کرکٹ بُری نہیں ہے، لیکن اس میں کہیں نہ کہیں کمی تھی جس کو پورا کر کے اسے بہتر کرنا ہے۔ 
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وقار یونس کھلاڑیوں کو پالش کرنے کی ذمے داری نبھائیں گے، انہیں 30 لڑکوں کو پالش کرنے کی ذمے داری دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے اگلے ہفتے میڈیا کے ساتھ تمام انفارمیشنز شیئر کریں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ اچھے کھلاڑیوں کو سامنے لائیں اور وقار یونس کا کام ہے کہ ان لڑکوں میں سے بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لائیں۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ چیف سلیکٹر کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کریں گے۔ سلیکشن کمیٹی میں 5 نئے کھلاڑی آ رہے ہیں جو ایڈوائزر کے طور پر کام کریں گے، جب زیادہ لوگ ہوں گے تو اچھے مشورے ملیں گے۔،،

پاکستان کرکٹ بورڈ نے درج ذیل کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ 
کیٹیگری اے کے 40 ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ 5 لاکھ 50 ہزار روپے ملیں گے۔ 
کیٹیگری بی کے 50 کھلاڑیوں کو ماہانہ 4 لاکھ روپے ملیں گے۔ 
کیٹیگری سی کے 60 کھلاڑیوں کو ماہانہ 2 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ 

سال 2023-24 سیزن کے دوران اِن ڈومیسٹک کرکٹرز کو تنخواہوں کی مد میں محض 50 ہزار سے 3 لاکھ روپے کیٹیگری کے حساب سے دیے جاتے تھے۔ 
اسی طرح بورڈ کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، ریڈ بال کے لئے 2 لاکھ، 50 اوور فارمیٹ کیلئے1لاکھ 25 ہزار جبکہ ٹی20 کیلئے1لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ 
گزشتہ سیزن کے مقابلے میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، اس سے قبل ریڈ بال کے لئے 80 ہزار اور وائٹ بال کرکٹ کیلئے 40 ہزار روپے دیئے جاتے تھے۔