پی سی بی نے احسان اللہ کی انجری کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے زخمی فاسٹ بولر کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ جاری کردی، پی سی بی کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر احسان اللّٰہ کہنی کے آپریشن کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ 
پی سی بی کے مطابق طبی ماہرین نے انگلینڈ سے آکر ستمبر کے پہلے ہفتے میں احسان اللّٰہ کی کہنی کا آپریشن کیا تھا۔ 
کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ آپریشن کے بعد احسان اللّٰہ کی کہنی پر براس چڑھایا گیا جو چار ہفتے تک رہا۔ ڈاکٹر اور فزیو تھیراپسٹ روز کی بنیاد پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں احسان اللّٰہ کا معائنہ کرتے رہے ہیں۔ 
پی سی بی کا کہنا تھا کہ پانچویں ہفتے میں احسان اللّٰہ کی کہنی سے براس ہٹادیا گیا تھا جس کے بعد احسان اللّٰہ کا ری ہیب شروع ہوگیا تھا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تازہ ترین ایم آر آئی اسکین کے مطابق احسان اللّٰہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور وہ ریکوری کے 16 ہفتے مکمل ہونے کے بعد ٹریننگ کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔