پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کی عوام میں بھرپور ہائپ نہ بننے پر بورڈ (پی سی بی) بھی پریشان ہوگیا، جس کے باعث ایڈورٹائزنگ بجٹ میں اضافہ کردیاگیا۔
گزشتہ روز چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا لاہور میں اجلاس ہوا، اس موقع پر شرکا نے پی ایس ایل 9 کی ہائپ نہ بننے کا نکتہ اٹھایا، بیشتر شرکا کی رائے تھی کہ ملک میں اتنا بڑا ایونٹ ہونے جارہا ہے مگر کوئی گہماگہمی نظر نہیں آتی، اشتہارات وغیرہ بھی بہت کم ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے آفیشلز سے وجہ دریافت کی تو انھیں بتایا گیا کہ مینجمنٹ کمیٹی نے آخری میٹنگ میں ایڈورٹائزنگ بجٹ کم کر دیا تھا،اسی وجہ سے اشتہاربازی پردیکھ بھال کر اخراجات کررہے ہیں۔
چیئرمین نے تشہیری بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ’’اب کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے، جتنے دن باقی ہیں ان میں ہی کرکٹ کا زبردست ماحول بنائیں، بینرز اور بڑے بورڈز وغیرہ لگائیں، میڈیا پر تشہیر کریں تاکہ عوام میں لیگ کی بھرپور ہائپ بن سکے‘‘۔
پی سی بی میں ہونے والی اس میٹنگ میں پاکستان کی میزبانی میں آئندہ سال ہونے والی چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں ایونٹ کے بہترین انتظامات کرنے ہیں تاکہ کوئی ہم پر انگلی نہ اٹھاسکے، وینیوز سمیت تمام معاملات پر جلد مزید بات کریں گے۔
دوسری جانب چیئرمین کو پی سی بی ہیڈ آفس میں اپنا کمرہ پسند نہیں آیا،ذرائع کے مطابق بہتری کے لیے اسپیشل ڈیزائنر کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، تزئین و آرائش کا کام شروع بھی کردیا گیا ہے۔