آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے پرتھ ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کی پلئینگ الیون میں تبدیلیوں کی باز گشت سنائی دینے لگی۔
میلبرن میں 26 دسمبر سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان ہے، انجری کا شکار ہونے والے خرم شہزاد، وکٹ کیپر سرفراز احمد اور آل راؤنڈر فہیم اشرف ممکنہ طور پر پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔
سینئیر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے پرتھ ٹیسٹ میچ میں محض 7 رنز اسکور کیے جبکہ اسٹمپ کے پیچھے دو مواقع بھی ضائع کیے، انکی جگہ محمد رضوان جبکہ فہیم اشرف کی جگہ ساجد خان کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے خرم شہزاد کی جگہ حسن علی یا میر حمزہ کو پاکستان کے پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز آگاہ کیا تھا کہ خرم شہزاد پسلی میں اسٹریس فریکچر کا شکار ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے وہ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
انہوں نے پرتھ ٹیسٹ کے دوران اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ڈیوڈ وارنر اور مارنش لبوشین کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔