پی ایس ایل 9: ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر آگئی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)سیزن 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا۔ 
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی زیر کرنے کے بعد ملتان سلطانز گروپ مرحلے کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ 
ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 9 میں پے در پے فتوحات اپنے نام کرنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی زیر کرنے کے بعد ملتان سلطانز گروپ مرحلے کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ پی ایس ایل 9 کے گروپ مرحلے کے اختتام پر ملتان سلطانز کے گیند بازوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو روند ڈالا، 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم محض 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان سپر لیگ 9 کا 30 واں اور آخری گروپ میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا۔ 
دونوں ٹیمیں اپنے آخری گروپ میچ میں فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی خواہاں تھیں۔ 
ٹورنامنٹ کے آخری گروپ میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی ذمے دارانہ نصف سینچری اور اننگز کے آخری 5 اوورز میں جارحانہ بلے باز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، تاہم انہیں بھی 4 اوورز میں 40 رنز پڑے۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی پوری ٹیم محض 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کوئٹہ کا کوئی بلے باز قبل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا، جبکہ ملتان سلطانز کے اسامہ میر 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ ایونٹ میں 7 میچز جیت کر ملتان سلطانز 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر ہے۔ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے پاس فائنل تک رسائی کے 2 مواقع ہوں گے۔
پی ایس ایل 9 کے پلے آف مرحلے کا آغاز جمعرات (14مارچ) سے ہوگا جبکہ فائنل 18 مارچ کو پیر کےروز کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے تمام باقی میچز کراچی میں شیڈول ہیں۔