پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بالر اور کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے اہم کھلاڑی محمد عامر کا کہنا ہے کہ ان کے لیے بابر اعظم اور کسی آخری نمبرکے کھلاڑی کے سامنے بالنگ کروانا ایک ہی بات ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران جب محمد عامر سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ پشاور اور کراچی کا میچ بابر بمقابلہ عامر ہوگا تو کیا اس میں حقیقت ہے؟
تو اس کے جواب میں محمد عامر نے کہا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، میرے لیے بابر اعظم بھی ویسا ہی بلے باز ہے جیسے کسی بھی ٹیم کا کوئی بلے باز کھیل رہا ہو، میرا کام ہے ٹیم کے لیے وکٹیں لینا، قطع نظر اس کے کہ بلے باز کریز پر کون ہے۔
محمدعامر نے مزید کہا کہ پھر چاہے بابر اعظم وکٹ پر کھڑے ہوں یا نمبر 10 کا کوئی بیٹر، میں نے کوشش کرنی ہے کہ ٹیم کو وکٹیں لے کر دوں، میں نے کوئی جاکر ویلنٹائن کے پھول تو دینے نہیں ہیں، میری تو ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اپنی ٹیم کو میچ جتواؤں۔
بائیں ہاتھ کے پیسر نے اپنا موازنہ شاہین شاہ آفریدی سے کیے جانے پر کہا کہ 'میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، شاہین کی اپنی ایک کلاس ہے اور میرا اپنا ایک انداز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کی جیت کی لگن اور دشمنی مجھے اچھی لگتی ہے جس سے نئے چیلنجز پر توجہ مرکوز ہوجاتی ہے۔