ملک میں جاری پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کے میچ کے دوران اپنے سابق ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کو ان کی ناقص کارکردگی پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سابق پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق نے ایک بڑا دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کارکردگی نے پوری ٹیم پر کیا اثر ڈالا ہے۔ اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے دوران شعیب ملک کے ساتھ کھیلنے والے عبدالرزاق نے کہا کہ آل راؤنڈر نے اپنے لیے تو اچھا کھیلا لیکن ان کی یہ کارکردگی صرف اپنے لیے تھی، اپنی ٹیم کے لیے نہیں۔،،
سابق کرکٹر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "کھلاڑی وہ ہوتا ہے جو اپنی ٹیم کے لیے کھیلتا ہے"۔ ایک روز قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔
شعیب ملک پاکستان سپرلیگ کے تازہ ترین ایڈیشن میں کراچی کنگز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 53 رنز بنائے تاہم ان کی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے 185 رنز کے جواب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔ شعیب ملک 53، شان مسعود 30اور کیرن پولارڈ 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مذکورہ تین بلے بازوں کے علاوہ کراچی کنگز کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا جبکہ 4 بلے باز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے جبکہ کراچی کنگز ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہے۔