پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل نے نویں ایڈیشن کے انعقاد کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے لیے حکومت سے مشورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس منگل کے روز پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اس اجلاس میں ایچ بی ایل پی سی ایل کی تمام چھ فرنچائزز کے نمائندوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن سے متعلق تمام امور پر تفصیلی غور کیا گیا جن میں آپریشنل اور لاجسٹیکل معاملات بھی شامل تھے۔ پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا ڈرافٹ نیشنل ٹی20 کپ کے اختتام کے فوراً بعد دسمبر کے وسط میں ہوگا۔
اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ چونکہ ملک میں عام انتخابات کے فروری 2024ء میں انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے لہٰذا ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں حکومت سے مشورہ کیا جائے گا۔
پی سی ایل کی فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے یہ بھی کہا ہے کہ پی ایس ایل کے میڈیا حقوق کی فروخت کے عمل کو تیز کیا جائے۔