پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے آخری گروپ میچ میں ملتان سلطانز کے فیلڈر افتخار احمد پر جیسن رائے سے الجھنے پر جرمانہ عائد کردیاگیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف باآسانی 79 رنز سے فتح سمیٹی تاہم اس میچ میں کوئٹہ کی بیٹںگ کے دوران بیٹر جیسن رائے اور فیلڈر افتخار احمد آپس میں الجھ گئے اور دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
محمد رضوان سمیت دیگر ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے بئیچ میں پڑ کر معاملہ ختم کروادیا گیا تھا تاہم پریس کانفرنس کے دوران ملتان سلطانز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی کا کہنا تھا کہ جیسن رائے کا میری گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کے بعد جھگڑا ہوا، ریویو لینے کے بجائے بیٹر نے افتخار احمد کی طرف دیکھا اور تلخ جملوں کا تبادلہ کیا اور اتنے میں ریویو کا وقت چلا گیا۔
دوسری جانب افتخار احمد پر پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، امپائرز کا کہنا ہے کہ افتخار کو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا۔
اس قانون کے تحت زبان، حرکات یا اشاروں کا استعمال جو توہین آمیز ہو یا میچ کے دوران کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے پر جارحانہ ردعمل کو جنم دے، اس کا ارتکاب کرنے والے کھلاڑی پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
ملتان سلطانز کے جارح مزاج بلے باز افتخار احمد نے میچ ریفری کے جرمانے کو قبول کرلیا جس کے باعث واقعے کی باقاعدہ سماعت نہیں کی گئی۔