پی ایس ایل 9:میچ کے دوران سرپر گیند لگنے سےسرفرازاحمد زخمی  

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں سرپر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کے روز کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے گیارہویں میچ میں ملتان کی اننگز کے آخری اوور کے دوران وکٹ کیپر سرفراز احمد سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔ 
سرفراز احمد کو فوری طبی امداد کے بعد سی ٹی اسکین کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔
 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سرفراز احمد کی سی ٹی اسکین رپورٹس ٹھیک آئی ہیں اور وہ خیریت سے ہیں۔  
سرفراز احمد کے میدان سے باہر جانے کے بعد ان کی جگہ محمد سجاد علی نے وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں جبکہ سرفراز کی جگہ بیٹنگ بھی انہوں نے کی۔ 
سجاد نے بلے کے ساتھ کریز پر مختصر قیام کیا اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ 
اس میچ میں ملتان سلطانز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔