ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز سے شکست دیدی۔
ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 73 رنز آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیک ویتھرلاڈ 19 اور عثمان خان 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کیمرون ڈیلپورٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ اعظم خان بھی 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کپتان سرفراز احمد کی اننگز 13 رنز تک محدود رہی۔
حسان خان اور خرم شہزاد کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے، محمد نواز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان اور عمران طاہر نے 2،2 بلیسنگ مزارابانی، سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹگ کی دعوت دی۔ محمد رضوان اور شان مسعود نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، رضوان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، صہیب مقصود 5 رنز اور ریلی روسوو 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
شان مسعود نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکےاور 7 چوکے شامل تھے۔ جونسن چارلس نے بھی 24 گیندوں پر 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 2، محمد نواز، حسان خان اور ظاہر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔